پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اردن کے دارالحکومت عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دیگر وزرائے خارجہ اور اعلیٰ شخصیات کے ہمراہ ہاشمی مملکتِ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ملاقات کی۔
اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات شاہ عبداللہ دوم تک پہنچائے۔
اس موقع پر اردن کے فرمانروا نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے بیت المقدس میں مسلم اور مسیحی مقدس مقامات کی اردن کی مستقل سرپرستی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہاشمی مملکت کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
اس ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ پیشرفت اور دیگر علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔