پاکستان
خلاصہ
- کوئٹہ : (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان نے اسماء جتک کو مبینہ دھمکیوں اور ان کے اہل خانہ کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ انکوائری کمیٹی قائم کردی۔
اس حوالے سے کمیٹی کے قیام کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق کمشنر قلات ڈویژن کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر حب، ڈپٹی کمشنر آواران اور ایس پی حب کمیٹی کے ارکان ہوں گے، ایس پی حب کمیٹی کے سیکرٹری کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی اداروں کے نمائندے بھی انکوائری کمیٹی کا حصہ ہوں گے اور واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی اسماء جتک کو دی جانے والی دھمکیوں، اہل خانہ کے قتل اور اس سے متعلق دیگر معاملات کی تحقیقات کرکے 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے اسماء جتک نے اپنی اور اہل خانہ کی جان کے تحفظ کے لیے قرآن پاک اٹھا کر ویڈیو بنائی تھی، جس کے کچھ ہی گھنٹے بعد ان کے والد کو قتل کر دیا گیا۔