خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام مسلم لیگ ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے اراکین اسمبلی اور پارٹی ورکرز کے ہمراہ پرچم کشائی کی، تقریب میں شہداء وطن کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اہل وطن کو 79 ویں یوم آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی جدوجہد کی بدولت ہی ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم آج تحریک قیام پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، آزادی بڑی نعمت ہے جس پر ہمیں فخر ہونا چاہئے۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ بھارت میں آج بھی کئی صوبے ایسے ہیں جہاں مسلمان اور دیگر اقلیتیں مظالم کا شکار ہیں، سیاسی جماعتیں بلاوجہ کی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب ہر ایک محنت سے کام کرے گا، ہمیں ایک دوسرے کی غیبت میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی توانائیاں ملک کی ترقی پر صرف کرنا ہوں گی۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان معدنی دولت سے مالا مال ہے، زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لاکر آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں پنجاب میں ریکارڈ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے، نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔