خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) شام کے وزیرِ امور خارجہ و تارکین وطن، عالی مرتبت اسعد حسن الشیبانی کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، اہم دورے کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 19 سے 20 اگست 2026ء تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، شام میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ باہمی مذاکرات اور تفصیلی مشاورت کی جس کے دوران دونوں ممالک کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا، فریقین نے باقاعدہ ادارہ جاتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قائم شدہ ادارہ جاتی میکانزم کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) August 21, 2026
اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور عوام سے عوام کے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دو روزہ دورے کے دوران شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، انہوں نے وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات، وزیرِ تجارت اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور شام کے درمیان دوستی کے دیرینہ رشتوں کو مزید استوار کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ایک مستقبل بین فریم ورک تشکیل دینے میں انتہائی اہم پیشرفت ثابت ہوا ہے۔