پاکستان
خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت واضح کرے، خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے؟
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی وزراء کی بیان بازی صوبے کے خلاف سیاسی جارحیت کے مترادف ہے، خواجہ آصف سندھ اور پیپلز پارٹی پر بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف دو رُخی نہیں بلکہ دوٹوک، اصولی اور آئینی ہے، پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ قراردادیں منظور کر چکی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش کرے لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط، آئین کو بالادست اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔