خلاصہ
- حیدرآباد:(دنیا نیوز) سینئر رہنما و وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد دنیا پاکستان کی دفاعی طاقت سے آگاہ ہوچکی ہے۔
یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج یومِ دفاع پاکستان بھر میں اور دنیا کے مختلف ممالک میں موجود پاکستانی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے چند ماہ قبل بھارت کو شکست دے کر ایک بار پھر ثابت کیا کہ ملکی دفاع آج بھی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد دنیا کو احساس ہوچلا ہے کہ خطے میں پاکستان کے دفاع کو مضبوط رکھنا کتنا اہم ہے، دنیا جان چکی ہے کہ اگر خطے میں کوئی مضبوط فوج ہے تو وہ پاکستانی فوج ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ معاہدوں میں کھڑے ہیں اور پاکستان عالمی امن کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا پیمبر بن کر ابھرا ہے، بھارت نے ناپاک پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو دنیا میں نظرانداز کرنے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج کی بہادری اور کامیابیوں کے باعث پاکستان آج نئی طاقت اور اعتماد کے ساتھ عالمی سطح پر ابھرا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ اور پاکستانی پرچم کو پہچانا جا رہا ہے، جو پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی کامیابیوں کا مظہر ہے۔