دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی میں پانی کی فراہمی متاثر

دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی میں پانی کی فراہمی متاثر

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دھابیجی میں صبح 6 بجے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے باعث تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کی بجلی بند ہوگئی۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ سٹیشن کے مجموعی 21 پمپس میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے ہیں، جس کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی سے کراچی کو فراہم کئے جانے والے پانی کی مقدار میں کمی واقع ہوسکتی ہے، واٹر کارپوریشن کے حکام بجلی کی جلد بحالی کیلئے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی کی بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ 10 پمپس کو فوری طور پر فعال کر دیا جائے گا اور کراچی میں پانی کی فراہمی معمول پر لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی بحالی تک پانی کا باکفایت استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر پانی ضائع کرنے سے گریز کریں۔