خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کے لیے ہر فریق کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے محسن نقوی کے ساتھ ملاقاتوں متعلق کہا کہ محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، مذاکرات ہونے چاہئیں، فی الحال ماحول ٹھنڈا ہے اور کوئی بات نہیں بن سکی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج میں کوئی قانون نہیں توڑیں گے اور نہ راستے بند کریں گے جبکہ لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا بالکل استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت کو آئی جی خیبر پختون خوا سے حلف نامہ طلب نہیں کرنا چاہئے تھا، ایسا تاثر بھی نہیں دینا چاہیے کہ خیبر پختون خوا کے عوام اور پولیس آپس میں لڑ پڑیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختون خوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صوبے نے گزشتہ سال پولیس محکمے پر 45 ارب روپے خرچ کیے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یقینی بنائیں گے کہ پولیس میں سیاسی مداخلت نہ ہو، وزیراعلیٰ کو پولیس کے اختیارات ملنے کے بعد وہ انہیں من پسند بنیادوں پر استعمال نہیں کریں گے بلکہ پولیس کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔