خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقصد احتجاج نہیں ملک میں انارکی پیدا کرنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والے بیانات سے ان کی اصل منصوبہ بندی کا اندازہ ہوتا ہے، پرامن احتجاج کے لیے اس طرح کے بیانات نہیں دیے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ان کے گھروں میں جلوس نکالے گئے، اس کے باوجود کہا گیا کہ کچھ نہیں کیا، دیگر سیاسی جماعتیں بھی احتجاج کرتی ہیں لیکن قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا جاتا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ لوگ کیا کرنا چاہتے ہیں، 26 نومبر کو مسلح ہو کر آنے، اہلکاروں کو کچلنے اور اس کے بعد خود کو پرامن قرار دینے کا دعویٰ کیا گیا۔
طلال چودھری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی کا مقصد ریاست میں انارکی پیدا کرنا ہے، ریاست ایسے عناصر سے نمٹے گی، ماضی میں بھی اس طرح کے گروپ موجود تھے جن کا آج کوئی وجود نہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے تناظر میں جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیر داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ہے۔