پاکستان اور لیبیا کے درمیان تجارت، تعلیم اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور لیبیا کے درمیان تجارت، تعلیم اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ الطاہر الباعور سے ملاقات ہوئی، اسحاق ڈار نے لیبیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار اور لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔

اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے علاقائی امن، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا، ترقی پذیر ممالک پر علاقائی صورتحال کے معاشی اثرات بھی زیر بحث آئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں کی تعریف کی، اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو واحد قابل عمل ذریعہ قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام فریق علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپس آئیں۔