خیبر پختونخوا اسمبلی ارکان کی سکیورٹی واپس لینے کا معاملہ، سپیکر کا سخت نوٹس

خیبر پختونخوا اسمبلی ارکان کی سکیورٹی واپس لینے کا معاملہ، سپیکر کا سخت نوٹس

پرنسپل سیکرٹری سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی خیبر پختونخوا کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی کو فراہم کردہ سکیورٹی واپس نہ لی جائے۔

مراسلے کے مطابق ایم پی ایز کو سکیورٹی کی فراہمی ان کا قانونی حق ہے اور ارکان اسمبلی کو مدتِ رکنیت کے دوران کیٹیگری بی سکیورٹی کا استحقاق حاصل ہے، سکیورٹی واپس لینا قانون کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اور اس اقدام سے ارکان اسمبلی کے استحقاق مجروح ہونے کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے مراسلے میں سکیورٹی واپس لینے کے اقدام کو آئین اور قانون کی متعلقہ شقوں سے متصادم قرار دیا گیا ہے، واضح کیا گیا کہ ارکان اسمبلی کو حاصل سکیورٹی سے متعلق قانونی حق خیبر پختونخوا اسمبلی پاورز، امیونٹیز اینڈ پریولیجز ایکٹ 2026 کے تحت ہے۔

سپیکر نے ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی کو فراہم کردہ سکیورٹی منقطع، واپس یا ختم نہ کی جائے اور معاملے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔