عوام سے رابطے، مسائل سننا اور حل کرنا منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے: شرجیل میمن

عوام سے رابطے، مسائل سننا اور حل کرنا منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اپنے حلقہ انتخاب کی عوام کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، عوامی فلاح کے متعدد منصوبے مکمل بھی ہوچکے ہیں، حکومت کی ترجیحات میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صحت، تعلیم ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ترجیحات میں صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری شامل ہے، سندھ حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ضروریات اور مقامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

عشائیے میں حلقۂ انتخاب کے معززین اور شہریوں نے صوبائی وزیر شرجیل میمن سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ ضروری رابطہ اور پیروی کی جائے گی۔