خلاصہ
- ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اہم اجلاس ہوا جس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیفس آف جنرل سٹاف کا اجلاس ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق اور سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے شرکت کی۔
.jpg)
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ اجلاس میں سکیورٹی صورتحال اور مملکت سعودی عرب کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا گیا، شرکا نے مکہ مکرمہ، شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔
.jpg)
جاری بیان کے مطابق اجلاس کے شرکا نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اور مملکت کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے سعودی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
.jpg)
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شرکا نے تینوں ممالک کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو بھی سراہا۔