پاکستان کا افغان طالبان کو ڈی مارش، فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

پاکستان کا افغان طالبان کو ڈی مارش، فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہ ڈی مارش گزشتہ روز افغان حکام کے حوالے کیا گیا، جس میں افغان سرزمین سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات، سرحدی دراندازی اور پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان نے افغان حکام پر واضح کیا کہ پاکستانی حدود میں دہشت گردی کے واقعات اور سرحدی خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے بھی پاکستان کی جانب سے افغان حکام کے سامنے دہشت گردی اور سرحدی صورتحال پر شدید احتجاج ریکارڈ کرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

حالیہ ڈی مارش کے ذریعے دہشت گرد حملوں اور سرحدی واقعات پر پاکستان کے تحفظات افغان حکام تک پہنچائے گئے ہیں، جبکہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔