خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ارکان اسمبلی، وزراء اور دیگر پارلیمانی عہدیداروں سے متعلق پولیس کارروائیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آئی جی خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ارکان اسمبلی، وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز سے متعلق پیش آنے والے تمام واقعات کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
مراسلے میں متعلقہ افراد کی گرفتاری، حراست اور ان کی رہائش گاہوں پر چھاپوں، حملوں اور تلاشی سے متعلق ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس سٹیشنز میں درج متعلقہ رپورٹس اور ایف آئی آرز کے ساتھ ساتھ واقعات کی پولیس کو اطلاع دینے والے افراد کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے تاکہ اسے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ معلومات آئین پاکستان کے آرٹیکلز 66، 67 اور 127 کے تحت طلب کی گئی ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضابطہ کار 2025 اور صوبائی اسمبلی اختیارات، استحقاقات و مراعات ایکٹ 2026 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔