عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے، ہر پالیسی عوام کیلئے ہونی چاہئے: سہیل آفریدی

عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے، ہر پالیسی عوام کیلئے ہونی چاہئے: سہیل آفریدی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا عوامی مینڈیٹ سے آنے والے 11 ارب کا جہاز اور لگژری گاڑیاں نہیں منگواتے، ایس سی او کانفرنس کے لیے وفاقی حکومت نے 6 ارب کی گاڑیاں منگوائیں، پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، یہ چور دروازوں سے آئے، ان کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا پنک بسوں میں خواتین کا 25 فیصد کرایہ کم ہوگا، خیبرپختونخوا میں چادر اور چار دیواری کی پامالی نہیں ہوتی، ہر شہری کی عزت ہے، ہم کبھی یہ نہیں کہیں گے ہمیں تین صوبوں سے خطرہ ہے اور نہ ہی ان کی طرح ڈان لیکس کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا وعدہ کیا تھا یہ سال خیبرپختونخوا کے لیے ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا، تین مسخرے ٹی وی پر بیٹھ کر ہمارے شہدا کی توہین کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور پولیس کے جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے لوگوں کا خون بہہ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا اس دفعہ بند کمروں کی پالیسی نہیں چلے گی، پالیسی تبدیل ہوگی تاکہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کا خون نہ بہے، اگر ضرورت پڑی تو بغاوت کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا 4 اکتوبر کو لانگ مارچ ہوگا، کوئی دھمکی، بندوق یا ڈنڈا ہمیں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ ہمارا مقصد بڑا ہے، کرسی کی کوئی اہمیت نہیں۔

انہوں نے کہا جو آپ کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آتے ہیں ان کو ڈراؤ، ہمیں نہیں۔ لانگ مارچ میں عوام کا سمندر نکلنا ہے، جب لوگ نکلیں گے تو پاکستان کی تاریخ اور تقدیر بدلے گی۔

وزیراعلیٰ کے مطابق ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں آگے، آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا، پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو پشاور سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔