لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہئے: بیرسٹر گوہر

لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہئے: بیرسٹر گوہر

حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا، لانگ مارچ ہمارا حق ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ’لانگ مارچ کی آڑ میں ایسے اقدامات نہیں کیے جانے چاہئیں جن سے خیبر پختونخوا کے عوام میں نفرت، تقسیم یا تناؤ پیدا ہو، یا صوبے کے مینڈیٹ، خودمختاری اور اختیارات متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف کسی اقدام کی گنجائش نہیں اور ایسے اقدامات اٹھارویں ترمیم کی روح سے بھی متصادم ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہئے، تاحال یہ طے نہیں ہو سکا کہ حکومت اور تحریکِ انصاف کے وفود کے درمیان بات چیت کا اگلا دور کب ہوگا۔

دوسری طرف وفاقی وزیر طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران متعدد معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو گیا تھا، لیکن خیبر پختونخوا کی قیادت کی ہدایات پر مسودہ بار بار تبدیل کیا جاتا رہا، صوبائی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تیار نہیں اور اسی وجہ سے مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے۔