خلاصہ
- منڈی بہاؤالدین:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت تصادم چاہتی ہے۔
پنجاب کے علاقے منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شاید پی ٹی آئی قیادت سمجھتی ہے کہ تصادم ان کی سیاست کو سوٹ کرتا ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی بہت زیادہ ہے، اس لیے مذاکرات کو راستہ دینا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے خاصی نرمی دکھائی گئی، تاہم مذاکرات میں شامل نہ ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی وجہ سے ڈیڈلاک پیدا ہوا، حالات ٹھہراؤ کی طرف جاتے نظر نہیں آ رہے اور اگر تصادم ہوا تو بڑے نقصان کا امکان ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج آئینی و قانونی اختیارات ہیں، تاہم یہ اقدامات ناپسندیدہ ہیں، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی لانگ مارچ کرتے رہے ہیں، جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو شاید ان سے کچھ زیادہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ملک کے دو صوبے پہلے ہی دہشت گردی کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، اگر پی ٹی آئی کے کسی رہنما کی ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے تو ریاست نے اپنا کام کرنا ہے۔