خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں بڑی کارروائیوں کے دوران 96 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی کے جہاز یَرموک (YARMOOK) نے بحیرۂ عرب میں تعیناتی کے دوران پاکستانی ساحل سے کافی دور دو کامیاب انسدادِ منشیات کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران دو دھاؤں کو روکا گیا اور ان کے اندر بنائے گئے خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2,000 کلوگرام چرس/بھنگ برآمد کی گئی۔
.jpg)
آئی ایس پی آر کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے، ضبط شدہ منشیات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور بعد ازاں انہیں مزید تلفی اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کامیاب کارروائیاں پاکستان نیوی کی مسلسل سمندری موجودگی، چوکسی اور علاقائی بحری سلامتی کے تحفظ اور سمندر میں غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اس کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔