اسلام آباد کو 31 دسمبر تک پلاسٹک فری بنا دیا جائے گا: طلال چودھری

اسلام آباد کو 31 دسمبر تک پلاسٹک فری بنا دیا جائے گا: طلال چودھری

اسلام آباد میں پلاسٹک فری مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے مہم شروع کر دی گئی ہے، پلاسٹک نہ صرف سیوریج سسٹم میں رکاوٹوں کا باعث بنتا ہے بلکہ ماحول اور ہوا کو بھی آلودہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  میں نے وزیراعظم سے وعدہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو 31 دسمبر تک پلاسٹک سے پاک کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں عوامی آگاہی اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیرمملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ پلاسٹک ماحول کو آلودہ کرتا ہے اور جب یہ زمین میں شامل ہو جاتا ہے تو کئی دہائیوں بلکہ صدیوں تک تلف نہیں ہوتا، پلاسٹک کے فضلے سے سیوریج کا نظام متاثر ہوتا ہے اور فضائی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث شہری ماحول اور قدرتی وسائل کو نقصان پہنچتا ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ پلاسٹک فری اسلام آباد مہم شروع کرنے کا مقصد شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانا ہے، ہمیں چاہیے کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایسا ماحول چھوڑ کر جائیں جو آلودگی سے پاک ہو اور جہاں شہریوں کو صاف فضا میسر آ سکے۔

اُنہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے ہدف کے حصول کے لیے مہم کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ شہر کو صاف رکھنے اور ماحول کے تحفظ کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔