خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھتیں گرنے کے افسوسناک حادثے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حادثے میں 30 سے زائد بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔
مقدمے کے متن میں سکول کی عمارت میں ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال اور عمارت کے بوسیدہ و غیر موزوں ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سکول کی دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی سے متعلق پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں، تاہم بچوں کی جانب سے شکایات کے باوجود سکول انتظامیہ اور مالکان نے مبینہ طور پر کوئی شنوائی نہیں کی۔
ایف آئی آر کے مطابق سکول کی دوسری منزل پر واقع نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گریں، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ سکول کی اراضی 16 مرلے پر مشتمل ہے، جو وحید اور جاوید کی ملکیت ہے، مذکورہ اراضی 2024 میں لیز پر حاصل کرنے کے بعد اس پر سکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق سکول کی عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار سمیت مالکان اور شیئر ہولڈرز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ قتل بالسبب اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 148 اور 149 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔