سرکاری عہدہ ملازمت نہیں، عوامی خدمت کا ذریعہ ہے: مریم نواز

سرکاری عہدہ ملازمت نہیں، عوامی خدمت کا ذریعہ ہے: مریم نواز

مریم نواز کا پروونشل مینجمینٹ سروس سندھ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست نے ان کی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سرمایہ کاری کی ہے، اس لیے اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک اور عوام کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انہیں شناخت، عزت اور آگے بڑھنے کے مواقع دیے ہیں، وہ خود بھی پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں، سرکاری عہدے کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور حکومت چلانا بظاہر آسان دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک مشکل کام ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ کا مرکز کارکردگی اور عملی نتائج ہیں، وہ ایسے فیصلوں کو اہم سمجھتی ہیں جن سے لوگوں کو فائدہ پہنچے اور ان کی زندگیوں میں بہتری آئے۔

انہوں نے نوجوان افسران کو خبردار کیا کہ وہ روایتی اور آسان راستہ اختیار کرکے ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش نہ کریں، محض حاضری لگانا، دستخط کرنا یا دوسروں کی غفلت کو جواز بنا کر کام نہ کرنا ملک کی ترقی کے لیے نقصان دہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان افسران ملک کی مستقبل کی قیادت ہیں اور انہیں اپنے منصب کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنانا چاہیے۔