خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد کردی ہے۔
ایک بیان میں مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی، ملاقات کے لیے کوئی تیسری جگہ مقرر نہیں کی جاسکتی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ریاست کی ملکیت ہے، پہلے بھی اس قسم کی ضد کی گئی، یہ کوئی طریقہ نہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے وزیراعظم ہاؤس میں ہی ملاقات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو 2 خطوط لکھے، ایک خط امریکا روانگی سے پہلے اور دوسرا واپسی پر بھیجا گیا، حکومت اپوزیشن لیڈر کے جواب کی منتظر ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا ہےکہ اپوزیشن لیڈر بتائیں کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب تشریف لا رہے ہیں، حکومت ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات ممکن ہیں، تاہم ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر مذاکرات نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی نے پہلے مذاکرات کو موقع ہی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے تحت قائم سیٹ اپ کو مناسب وقت دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری کمٹمنٹ کے ساتھ لڑیں گے اور جیتیں گے، پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات ہوسکتی ہے۔