ایم ڈی کیٹ کے تمام سوالیہ پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم

ایم ڈی کیٹ کے تمام سوالیہ پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے یو ایچ ایس کو پنجاب میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام سوالیہ پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ سوالیہ پرچوں کو داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک عوامی طور پر قابلِ رسائی رکھا جائے، سوالیہ پرچے اپ لوڈ کرنے کا حکم فوری طور پر نافذ کیا جائے،امیدواروں کو سوالیہ پرچوں پر اعتراضات اٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے تحریری حکم جاری کیا، فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ درخواست گزار نے پی ایم ڈی سی کے 10 ستمبر 2026 کے جاری مراسلے کو چیلنج کیا، خط میں جامعات کو ہدایت کی گئی تھی کہ ایم ڈی کیٹ کے 20 ستمبر 2026 کے امتحان مکمل ہونے پر سوالیہ پرچے واپس لے لیے جائیں۔

درخواست گزار نے سوالیہ پرچے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی ویب سائٹ پر دستیاب نہ کرنے کا اقدام بھی چیلنج کیا، فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق سوالیہ پرچوں کے تمام کوڈز اور پیپر آئی ڈیز ویب سائیٹ پر جاری کیے جائیں، جوابی شیٹس کی دوبارہ نظر ثانی کا مناسب موقع دیا جائے، گزشتہ برسوں میں امیدواروں کو سوالیہ پرچے ساتھ لے جانے کی اجازت تھی، امریکہ، برطانیہ،نیوزی لینڈ اور بھارت میں بھی امیدوار سوالیہ پرچے اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ یو ایچ ایس کے وکیل کے مطابق عدالت آنے سے پہلے درخواست گزار کو متعلقہ حکام سے رجوع کرنا چاہیے تھا، یو ایچ ایس کی گائیڈ میں سوالیہ پرچے لے جانے کی اجازت موجود تھی،یو ایچ ایس نے گائیڈ میں سوالیہ پرچے نہ لے جانے کے حوالے سے باضابط مراسلہ جاری نہیں کیا۔

پی ایم ڈی سی کے وکیل کے مطابق سوالات کے ذخیرے کی رازداری اور تحفظ برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں، سوالات کا ذخیرہ ختم ہونے،امتحانی تحفظ،نقل یا جانچ کے عمل کو نقصان پہنچنے کی کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔

عدالت نے فیصلے کو قرار دیا کہ عدالت کسی بھی سرکاری ادارے کے غیر قانونی اور خلاف آئین اقدام کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے سکتی ہے،آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کا تقاضا ہے کہ سرکاری ادارے اختیارات قانونی طور پر استعمال کریں اور امتیازی کاروائی سے گریز کریں۔

یہ معاملہ امتحان میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو متاثر کرتا ہے،سوالیہ پرچے امیدواروں سے واپس لینے کی کوئی مناسب وجوہات بیان نہیں کی گئی،یہ حکم صرف پنجاب میں منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026ء کے سوالیہ پرچوں تک محدود ہو گا۔