چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن، خواتین بروقت طبی مشورہ لیں: صدر و وزیراعظم

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن، خواتین بروقت طبی مشورہ لیں: صدر و وزیراعظم

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھاتی کا سرطان ہزاروں پاکستانی خاندانوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے اثرات مریضہ تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے خاندان کی سماجی اور جذباتی زندگی پر مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو اپنی صحت میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ دینے اور مناسب طبی مشورہ حاصل کرنے کی ترغیب دی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ خاندانوں اور معاشرے کو ایسا ماحول فراہم کرنا چاہیے جہاں خواتین صحت سے متعلق خدشات بلا جھجک بیان کر سکیں اور خوف یا ہچکچاہٹ کے بغیر طبی سہولیات حاصل کریں۔ انہوں نے چھاتی کے سرطان سے متاثرہ خواتین اور علاج مکمل کرانے والی مریضات کو جذباتی، سماجی اور خاندانی معاونت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص، معیاری علاج اور نگہداشت اہم مسائل ہیں۔ حکومت کا عزم ہے کہ کوئی بھی پاکستانی بیٹی علاقے یا مالی استطاعت کی وجہ سے بروقت اور معیاری علاج سے محروم نہ رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت متعلقہ وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کے تعاون سے بنیادی صحت کی سہولیات اور سرطان کے خصوصی علاج تک رسائی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات تک محدود رسائی کے باعث وہاں مقیم خواتین کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز خواتین میں چھاتی کے سرطان کی علامات کی شناخت، خود معائنے، بروقت طبی مشورے اور طبی مراکز سے رجوع کرنے کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ بنیادی مراکزِ صحت کے طبی عملے کی ابتدائی تشخیص سے متعلق استعداد بڑھانے کے لیے بھی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں قائم وفاقی مرکز برائے اسکریننگ تشخیص، مفت ادویات اور مشتبہ مریضوں کو مزید طبی علاج کے لیے متعلقہ مراکز تک پہنچانے کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ حکومت صحتِ عامہ کے پروگراموں اور نجی تنظیموں کے تعاون سے بھی اسکریننگ تک رسائی بڑھانے کے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے خاندانوں، ذرائع ابلاغ، مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور طبی ماہرین سے اپیل کی کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق خاموشی اور جھجک ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور خواتین کو بروقت طبی معائنے اور علاج کی ترغیب دیں۔

خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو اپنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے اور کسی بھی تشویش کی صورت میں مستند طبی ماہرین سے رجوع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے متاثرہ خواتین کو اس مشکل مرحلے میں اپنے خاندانوں اور معاشرے کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

خاتونِ اول نے ڈاکٹروں، نرسوں، طبی کارکنوں، رضاکاروں، مریضوں کی معاون تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے سرطان کے بارے میں کھل کر بات کرنے اور درست معلومات عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی خاتون علاج کے حصول یا اس مرض کا سامنا کرتے ہوئے خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔