خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے سے تجاوزات کے خلاف اور صفائی کیلئے پالیسی کا اعلان کر دیا۔
پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانا ہمارا عزم ہے، 13 سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہو سکتا، وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، لوگ غیر قانونی تجاوزات خود مسمار کر دیں ورنہ حکومت ایکشن لے گی، کسی کی سفارش نہیں چلے گی، تجاوزات پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو ستھرا بنانے کے لئے صفائی مہم شروع ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے میں عوام کو بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔
صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، شہر میں بازاروں، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے متعلقہ عملہ دن رات مصروف عمل ہے، جبکہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گورنر راج کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کے تحت تمام ادارے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔