میر رضا علی کیس: کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم

میر رضا علی کیس: کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم

صوبائی کابینہ کے فیصلے کے تحت کمیٹی کمیشن کی رپورٹ کے نتائج پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی، جبکہ اس ضمن میں اپنی سفارشات جلد از جلد وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ذیلی کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جب کہ وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ناصر حسین شاہ اور وزیر محنت و انسانی وسائل سعید غنی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میر رضا کیس:حکومت 24 گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کرے، جبران ناصر

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو کمیٹی کو قانونی معاونت فراہم کریں گے، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ کمیٹی کو سیکرٹریٹ معاونت فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

ذیلی کمیٹی میر رضا علی کی ہلاکت سے متعلق کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے نتائج پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی اور اس حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرکے جلد از جلد وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کی سفارشات آئندہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں بھی پیش کی جائیں گی، تاکہ رپورٹ کے نتائج پر عملدرآمد کے سلسلے میں آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے۔