خلاصہ
- راولپنڈی:(دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپی صدر ڈاکٹر معیزو نے ملاقات کی اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا۔
پاکستان اور مالدیپ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے باہمی دوستانہ روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں بھی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر استوار ہیں، جبکہ دفاعی شعبے میں روابط کو مزید مستحکم بنانا دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔