وفاق نے کے پی کیلئے 160 ارب روپے کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی: فیصل کنڈی

وفاق نے کے پی کیلئے 160 ارب روپے کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی: فیصل کنڈی

پشاور میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں گزشتہ روز انتہائی اہم تھا، جب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سطح پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزرا نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکرٹری نے پورے صوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اجلاس میں صوبے کو درپیش مسائل، گندم کے معاملے اور دیگر اہم امور پر بھی بات چیت ہوئی، صوبے میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے معاملات میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں شہدا کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے اور حکومت کا ہدف ایک مضبوط، بدلتا اور نکھرتا خیبرپختونخوا بنانا ہے، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سرکاری ملازمین کی ذمہ داریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو ملازم گھر بیٹھ کر تنخواہ لے گا، اسے سرکاری امور انجام دینا ہوں گے، سرکار جن افراد کو بھرتی کرتی ہے، انہیں تنخواہ دینے کے ساتھ ان سے کام لینا بھی ضروری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے میں ٹریفک اور رجسٹریشن کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں تقریباً ایک لاکھ رکشے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ رکشوں کی تعداد صرف 30 ہزار ہے، انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل ہماری بقا کی جنگ ہے، اس لیے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اور مضبوط بنانا ضروری ہے۔

دوسری جانب محمود جان نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے دہشت گردی کی حوصلہ شکنی ہوگی، امن و امان کی بہتری کے ساتھ ترقیاتی اقدامات بھی اہم ہیں، تاکہ خیبرپختونخوا میں استحکام اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جا سکے۔