بلاول بھٹو زرداری کا کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ

بلاول بھٹو زرداری کا کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں، انہیں اس بنیادی حق سے محروم رکھنا عالمی ضمیر اور انصاف کے دعوؤں پر مسلسل سوال ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی اور شناخت کا مسئلہ ہے۔ کشمیری عوام کی عزتِ نفس اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے بنیادی حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں ہمیشہ اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر محض بیانات سے آگے بڑھیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل یقینی بنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی عوام کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سرینگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور یہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کی امید بنے گا۔