خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے سری لنکا کے 16 رکنی اعلیٰ سطح کے بدھ مت وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گندھارا تہذیب، بدھ مت کے تاریخی ورثے اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کا اہم مرکز ہے، پاکستان اپنے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیق اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے پاک سری لنکا تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
.jpg)
اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی پاکستان اور ناگنندا انٹرنیشنل بدھسٹ یونیورسٹی سری لنکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت دونوں جامعات کے درمیان طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں، آثار قدیمہ اور بدھ مت کے مطالعات میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
سری لنکن وفد نے اسلام آباد میوزیم کا دورہ بھی کیا اور گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی آثار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق سری لنکا کے معروف ٹی وی میزبان چتھورا الوِس پاکستان میں گندھارا تہذیب پر آٹھ اقساط پر مشتمل خصوصی پروگرام تیار کریں گے۔
.jpg)
سری لنکن وفد اپنے آٹھ روزہ دورے کے دوران ٹیکسلا، تخت بھائی، پشاور اور سوات کے تاریخی مقامات کا دورہ کرے گا جبکہ سوات یونیورسٹی اور سری لنکا کی ناگنندا انٹرنیشنل بدھسٹ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مشترکہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
گندھارا تہذیب کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔