خلاصہ
- ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اقدامات کے مثبت نتائج بتدریج سامنے آئیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس کی ضروریات پوری کرنے سے امن و امان کے قیام میں مؤثر مدد ملے گی، پولیس کو درپیش مسائل کے حل اور ضروریات کی تکمیل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، پولیس شہداء کے بچوں کو تعلیمی سہولیات اور سکالرشپس کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی اقدامات زیرِ عمل ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ امن و امان کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں، فراہم کردہ فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے، ترقیاتی عمل تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری اور کرپشن کے سدباب کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میڈیا کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، ترقیاتی اور انتظامی تبدیلیوں کے لیے وقت درکار ہوتا ہے تاہم عوام کو جلد عملی اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔