خلاصہ
- بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں منعقدہ 13ویں انٹرنیشنل آرمی کیڈٹس ویک میں پاکستانی کیڈٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹیموں میں پہلی اور مجموعی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
چین کی آرمی انجینئرنگ یونیورسٹی نانجنگ میں منعقدہ مقابلوں میں پاکستان سمیت 11 ممالک کی فوجی اکیڈمیوں اور چین کی 18 فوجی اکیڈمیوں کے کیڈٹس نے شرکت کی۔
پاکستان کے کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے کیڈٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 11 ممالک کی بین الاقوامی ٹیموں میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ چین اور دیگر ممالک کی مجموعی 29 ٹیموں میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
مقابلے کی کانسیپٹ اینڈ پیپر کیٹیگری میں پاکستانی ٹیم نے اپنا پروجیکٹ ’’باکسر اَن مینڈ گراؤنڈ وہیکل‘‘ پیش کیا، جسے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔
ایونٹ میں میانمار، آذربائیجان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، مصر اور ویتنام سمیت متعدد ممالک کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔
پاکستانی کیڈٹس کی یہ کامیابی ان کی پیشہ ورانہ مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں قابلیت کا اظہار ہے۔