خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر چودھری سالک حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹس ملنے کی تصدیق کردی۔
ایکس پیغام میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا کہ جلد جواب دوں گا، شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہئے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس ملا تو پھر جواب دوں گا، پنجاب حکومت میں بدعنوانی کے الزامات پر قائم ہوں، عدالت میں نوٹس کا مکمل اور بھرپور جواب دوں گا، ڈی سی گجرات کی تعیناتی سے متعلق الزام من گھڑت ہے، پنجاب میں کرپشن سے متعلق بات میرا ذاتی بیان ہے۔
چودھری سالک نے مسلم لیگ ق کے حکومت سے علیحدگی کا امکان مسترد کر دیا اور کہا کہ فی الحال اتنا کافی ہے کہ لیگل نوٹس کا جواب دیں گے۔
دوسری جانب چودھری سالک کے بیان پر چودھری شافع نے وضاحتی بیان میں کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا، ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا، ممکن ہے انہیں کچھ ایسی معلومات ہوں جن سے میں آگاہ نہیں، چھوٹے بھائی سے کبھی فاصلہ اختیار کیا نہ کروں گا۔