مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک بحریہ نے فرائض سنبھال لیے

مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک بحریہ نے فرائض سنبھال لیے

پاکستان نیوی کے سٹیشن کمانڈر لاہورکموڈور مصباح الامین نے مزار اقبال پرپھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مہمان خصوصی نے پاکستان رینجرز اور بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا اور مزار اقبال پرمہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔

علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم اقبال کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کے کلام نے برصغیر کےمسلمانوں کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت کا احساس دلایا۔

آصف علی زرداری  نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی دی، علامہ اقبال کی شاعری میں آزادی، باعزت زندگی کے حصول کی جدوجہد کا پیغام ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز اٹھائی، علامہ اقبال کی شاعری نے غریبوں کو حقوق اور مقام کااحساس دلایا، ان کی شاعری نے محنت کرنے والوں کی عزت و وقار کو اہمیت دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یومِ اقبال کے پُر مسرت موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو دِلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال نےمسلمانانِ برصغیر میں سیاسی شعور بیدار کیا تاکہ وہ اپنی جداگانہ قومی شناخت کو پہچان سکیں۔ اسی منفرد تشخص کے شعور نے حصولِ وطن کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے اگلے سال 9 نومبر تک علامہ اقبال کی ولادت کی ڈیڑھ سوویں سالگرہ منائے گی، حکومت سال بھر کے لئے قومی اور بین الاقوامی تقریبات پر مشتمل خصوصی پروگرام کا باضابطہ آغاز کر رہی ہے، جس میں بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی مذاکرے، ادبی میلے ، نمائشیں، تعلیمی مقابلے اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تقریبات کا مقصد اقبال کے فکری ورثے کو نئی نسلوں میں منتقل کرنا ہے۔