خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی صدارت کریں گے، ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ای سی او کی سرگرمیوں، پروگرامز اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا چیئرمین ہے، پاکستان کی سربراہی کا موضوع علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی صدارت میں علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، علاقائی شراکت داری، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا، ای سی او کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر فعال بنانے پر توجہ ہوگی۔
پاکستان کو علاقائی رابطوں کا مرکز اور تجارتی و لاجسٹک سپلائی چینز کا اہم محور بنانے کی کوشش کی جائے گی، علاقائی تجارت کے فروغ اور خطے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ای سی او رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں علاقائی تعاون کے ثمرات پہنچانا پاکستان کی سربراہی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔