پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو عمارت پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت

پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو عمارت پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت

  دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کو قابلِ مذمت قرار دیا ہے، خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ترجمان نے بتایا کہ کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے سنگین بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے، پاکستان حوثیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔

دوسری جانب پاکستان نے بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی حکام کی مستعدی اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ضروری تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے، پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ پوری ثابت قدمی سے کھڑا ہے اور اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔