حوثی باغیوں کا سعودی تیل کمپنی کی تنصیبات پر ڈرون حملہ

Published On 20 March,2022 05:11 pm

ریاض: (دنیا نیوز) حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ینبع میں ارمکو کمپنی کی تنصیبات کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے باعث آئل ریفائنری کے آپریشز عارضی طور پر معطل ہوگئے۔

سعودی میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں آئل ریفائنری کو جزوی نقصان پہنچا۔ینبع میں واقع آئل ریفائنری سعودی عرب اور چین کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

سعودی فورسز نے بحیرہ قلزم میں ایک بارود سے بھری کشتی کو بھی تباہ کیا جو بین الاقوامی پانیوں میں سمندری آمد ورفت کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔ حوثی باغیوں نے ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ان حملوں کے باعث پلانٹ کی پیداوار متاثر ہوئی ہے تاہم ذخیرے سے کمی کو پورا کیا جائے گا۔ مذکورہ بالا حملوں کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سرکاری تنصیبات اور نجی املاک کو نشانہ بنانا دہشت گردی اور تخریب کاری ہے۔  یہ بزدلانہ حملے سعودی عرب کے خلاف نہیں بلکہ دنیا کو توانائی کی سپلائی متاثر کرنے کے لیے جن کا مقصد عالمی معیشت کو خراب کرنا ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ حوثیوں کے حملوں سے بحری گزرگاہیں اور عالمی تجارت بھی متاثر ہوتی ہے۔

وزارت نے سعودی عرب کا عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ دہرایا ہے کہ علاقے میں اس دہشت گردی کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔