بنگلہ دیش کے 35 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

بنگلہ دیش کے 35 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

بنگلہ دیشی وفد میں ایڈیشنل سیکرٹریز، جوائنٹ سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ افسران شامل تھے، چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر سیف سٹیز کامران حمید نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔

اس موقع پر وفد نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام، ٹریفک مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے عملی طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔

ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس نے بنگلہ دیشی افسران کو ادارے کی ورکنگ، جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ سیف سٹیز پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، وفد کو پنجاب بھر میں قائم 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز پر مشتمل جدید سرویلنس نیٹ ورک کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سمارٹ سیف سٹیز نیٹ ورک کو تحصیل کی سطح تک توسیع دینے کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

بنگلہ دیشی افسران کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی نگرانی، فیشل ریکگنیشن اور سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز کے بارے میں بتایا گیا۔
حکام کے مطابق سیف سٹی کے جدید اے آئی سسٹمز جرائم پیشہ عناصر کی شناخت، مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور پولیس کارروائیوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

وفد کو اے آئی بیسڈ کرائم اینالیٹکس، نمبر پلیٹ ریکگنیشن اور جدید ورچوئل پٹرولنگ نظام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اے آئی گورننس اور انفارمیشن سکیورٹی سے متعلق بین الاقوامی آئی ایس او سرٹیفکیشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

دورے کے اختتام پر بنگلہ دیشی افسران نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ اور شہریوں کے تحفظ کے نظام کو سراہا۔