شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، حوالدار اور نائیک شہید

شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، حوالدار اور نائیک شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران علی خیل میں دو افغان باشندوں سمیت 12 خوارج ہلاک کیے گئے، میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا، شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی جبکہ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔

علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب سکیورٹی آپریشن کے دوران 16 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری عزمِ استحکام کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری طاقت سے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔