خیبر پختونخوا میں طبی سہولیات کا فقدان، صرف 8 ہزار ڈاکٹر دستیاب

خیبر پختونخوا میں طبی سہولیات کا فقدان، صرف 8 ہزار ڈاکٹر دستیاب

صوبے کی 4 کروڑ سے زائد آبادی کے لیے صرف 8 ہزار 24 ڈاکٹرز دستیاب ہیں، جس کے باعث ہر 5 سے 6 ہزار افراد کے حصے میں ایک ڈاکٹر آتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے میں سرکاری طبی سہولیات کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں، جہاں مختلف نوعیت کے 200 سے زائد سرکاری طبی مراکز غیر فعال پڑے ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں بستروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بستر دستیاب ہیں، تاہم صوبے کی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تقریباً 64 ہزار بستروں کی ضرورت ہے، اس طرح دستیاب بستروں اور مطلوبہ تعداد کے درمیان تقریباً 45 ہزار 568 بستروں کا فرق موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں ڈاکٹروں کی موجودہ تعداد آبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہے، جس کے باعث مریضوں کو طبی معائنے اور علاج معالجے کی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سرکاری طبی مراکز کی بندش بھی عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

دوسری جانب صوبائی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے کے طبی نظام میں بہتری لانے کے لیے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) ایکٹ میں ترامیم کرنے اور سرکاری اسپتالوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ میں موجود خامیوں کو دور کرکے اس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جاسکے۔

صوبے میں ڈاکٹروں کی کمی، غیر فعال طبی مراکز اور اسپتالوں میں بستروں کی قلت ایسے مسائل ہیں جن پر قابو پانے کے لیے حکومتی سطح پر اصلاحات اور طبی سہولیات میں اضافے کی ضرورت ہے۔