خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی متعدد سیاسی شخصیات نے کوہاٹ میں سرگرم ایک مبینہ جرائم پیشہ گروہ کو تحفظ فراہم کر رکھا تھا، جس کے عوض بھتہ وصول کیا جاتا تھا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ اس گروہ کی سرپرستی کرنے والوں میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، گمبٹ کے تحصیل چیئرمین ساجد اقبال، پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی امجد آفریدی، سابق تحصیل چیئرمین احسان، جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما سیف اللہ، سابق ضلعی امیدوار نسیم آفریدی اور سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار ایڈووکیٹ اعظم شامل ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی نوید اور سینیٹر خرم ذیشان کے قریبی عزیز اظہر بخاری کا نام بھی لیا اور دعویٰ کیا کہ ان شخصیات نے سابق وزیر قانون آفتاب عالم کے حلقے کوہاٹ کے علاقے جنگل خیل میں سرگرم ایک مبینہ بدنام زمانہ جرائم پیشہ گروہ کو تحفظ فراہم کر رکھا تھا۔
اختیار ولی خان کے مطابق صوبائی وزیر امجد آفریدی سے منسلک ایک دوسرے گروہ کے افراد بھی اس مبینہ نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی شخصیات نے مل کر گروہ کو تحفظ فراہم کرنے کا نظام قائم کر رکھا تھا، جس کے تحت رقم وصول کرکے آگے پہنچائی جاتی تھی۔