خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) فضائی آلودگی نے پاکستان کے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، متعدد پاکستانی شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
فضائی معیار کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کی رپورٹ کے مطابق ملتان 277 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ آلودگی کی بلند ترین سطح پر موجود ہے، جبکہ گجرات 275 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمایاں آلودہ شہروں میں شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد میں فضائی آلودگی کی شرح 233، گوجرانوالہ میں 230، بہاولپور میں 227، سیالکوٹ میں 221 اور پشاور میں 209 اے کیو آئی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب لاہور 191 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگیا جب کہ کراچی 173 اے کیو آئی کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔
واضح رہے فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک استعمال کریں اور کھلی فضا میں جسمانی سرگرمیاں محدود رکھیں۔