پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور چین کا سٹریٹجک شراکت داری، سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معاونت بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو فعال اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کے لیے چینی انسٹرکٹرز جلد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین کی طرز پر اسلام آباد میں قائم کیے جانے والے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
چینی سفیر نے بھرپور تعاون اور تمام مسائل بروقت حل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے فعال کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔