خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی اعجاز شفیع نے ڈرامیٹک بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فنکاروں اور میلوں ٹھیلوں سے وابستہ افراد کی زبان اور ثقافت تبدیل کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
اعجاز شفیع نے کہا کہ حکومت فنکاروں پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور ان کی رجسٹریشن لازمی قرار دینے جا رہی ہے، ملک میں غربت کی شرح 49 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور حکومت اس نوعیت کی قانون سازی کر رہی ہے۔
فنکاروں سے متعلق قانون سازی سے پہلے ان کی رائے لینا ضروری ہے، فنکاروں کی نمائندہ یونینز اور آج گیلری میں موجود افراد سے بل پر رائے لی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ترمیم ہے کہ بل کو عوامی رائے کے لیے بھیجا جائے، قانون سازی میں کوئی جلدی نہیں، کل حکومت ختم نہیں ہو جائے گی، حکومت کو اگر جلد بازی میں قانون سازی کرنی ہے تو الگ بات ہے۔
اعجاز شفیع نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی پیکا قانون بنا کر بہت کچھ کر لیا ہے، فنکاروں کے لیے مزید مشکلات پیدا نہ کی جائیں، فنکار غریب لوگ ہیں، ان سے روٹی کا نوالہ نہ چھینا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فنکار ہمیں تفریح فراہم کرتے ہیں اور ہمارے پروگراموں، شادیوں اور میلوں کی رونق بڑھاتے ہیں، دیہات میں کام کرنے والے فنکاروں کے پاس پہلے ہی رجسٹریشن کے اخراجات برداشت کرنے کے وسائل نہیں۔
اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ فحاشی کے خلاف قانون سازی کی حمایت کرتے ہیں لیکن موجودہ مجوزہ قانون کی مخالفت کرتے ہیں، فنکاروں سے متعلق بل کو عوامی رائے اور فنکاروں کی مشاورت کے لیے بھیجا جائے۔