خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نے سسٹم ری سیٹ پر یہ سوال اٹھایا تھا کہ آخر نظام کی یہ تباہی شروع کہاں سے ہوئی؟
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نظام کی تباہی سے متعلق بحث انہوں نے شروع نہیں کی تھی بلکہ اس کا آغاز محسن نقوی نے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کی عزت کرتے ہیں، لیکن نظام کے ری سیٹ پر رائے دینا صرف محسن نقوی کا حق نہیں، انہیں بھی یہ کہنے کا حق حاصل ہے کہ نظام میں تبدیلی کا عمل جمہوری ہونا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی نواب شاہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران نئے صوبوں سے متعلق گفتگو کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ایوانِ صدر کی جانب سے بھی وضاحت جاری کی گئی تھی کہ اس ملاقات میں صوبوں کے قیام کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ ایوانِ صدر کی جانب سے بھی وضاحت جاری کی گئی تھی کہ اس ملاقات میں صوبوں کے قیام کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر ایک بار پھر اعتراض کیا اور آئین کے آرٹیکل 234 کا حوالہ دیتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا۔
بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ موجودہ نظام کے اہم اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی آئینی طریقے سے لائی گئی تھی، اس لیے آئین کو ایک طرف رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگر انتخابی اصلاحات ہونی ہیں تو اس سے پہلے ریفرنڈم یا نئے انتخابات کرانے کی بات کیسے ممکن ہے؟ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی ساکھ جتنی خراب آج ہے، اتنی تاریخ میں کبھی نہیں رہی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاتی رہی ہیں، لیکن یہ پہلی بار ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی جماعت کے رہنما اور اس کے اتحادی بھی دھاندلی کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب کوئی بھی موجودہ نظام میں صاف اور شفاف انتخابات پر یقین کرنے کو تیار نہیں تو ایسے نظام کے تحت ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے کیسے سامنے آسکتی ہے؟
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور ہو چکی ہے، جس معاملے پر عوام کے منتخب نمائندے متفق ہوں، فیصلہ بھی اسی کے مطابق ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو کہنا تھا کہ سندھ کے عوام سے یہ نہیں پوچھا جا سکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں، اسی طرح کسی دوسرے صوبے کے عوام سے سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر رائے نہیں لی جا سکتی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات کے باعث پاکستان کو عام معاشی بحران نہیں بلکہ معاشی آفت کا سامنا ہے، جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، موجودہ حالات میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی سو فیصد توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر ہونی چاہیے۔