پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب صدر پیپلزپارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کمسن ملازمہ پر ہونے والے تشدد کے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں، شواہد سامنے آنے کے بعد ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد ہماری ریڈ لائن ہونی چاہیے اور بچوں کو تشدد، استحصال اور ظلم سے محفوظ رکھنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ ہر بچے کو خوف اور تشدد سے پاک ماحول میں زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
سینیٹرشیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ فاطمہ کے واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔