خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد وفاقی جماعت ہے، اس کے دروازے تمام جمہوریت پسندوں کیلئے کھلے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے دورۂ لاہور کے دوسرے روز انتہائی مصروف وقت گزارا، وہ پیپلز سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچیں، جہاں انہوں نے پارٹی کی مختلف تنظیموں کے اجلاسوں کی صدارت کی اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔
فریال تالپور نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی نئی صوبائی قیادت کے انتخاب کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی، جس میں انہیں دونوں تنظیموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
فریال تالپور کی زیر صدارت پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سمیت مختلف عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں پارٹی کو وارڈ کی سطح تک مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، شرکاء نے پنجاب بھر میں رکنیت سازی مہم شروع کرنے اور پارٹی ڈسپلن و تنظیمی نظم و ضبط پر ہر سطح پر عمل درآمد یقینی بنانے کی تجاویز پیش کیں۔
فریال تالپور نے ڈویژنل صدور کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات کیلئے موزوں امیدواروں کی نشاندہی کریں اور اپنے اضلاع کی تنظیمی و سیاسی صورتحال کی نگرانی کرتے ہوئے رپورٹس مرتب کریں، انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں مقامی سطح پر چھوٹی جماعتوں اور تنظیموں کے ساتھ اتحاد کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
فریال تالپور نے کہا کہ پنجاب کے جیالے انتخابی میدان میں اپنا کھویا ہوا سیاسی مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد وفاقی جماعت ہے اور اس کے دروازے تمام جمہوریت پسندوں کیلئے کھلے ہیں۔
دورے کے دوران فریال تالپور سے پیپلز پارٹی ضلع ننکانہ صاحب کے رہنماؤں، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، لاہور سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور فیلڈ رپورٹرز نے بھی ملاقاتیں کیں، اس موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پارٹی میں شامل ہونے والی شخصیات نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے وژن اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، فریال تالپور نے نئی شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کیا۔
بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں فریال تالپور نے کہا کہ وہ پنجاب میں پارٹی کی نئی تنظیموں اور بالخصوص کارکنوں سے ملاقاتیں کرنے آئی ہیں، پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بات آئین اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے، وہ پیپلز پارٹی کے بیٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تاحال کوئی آئینی بحث سامنے نہیں آئی اور نہ ہی انہیں اس معاملے پر کوئی آئینی مسودہ فراہم کیا گیا ہے، اس معاملے پر گفتگو اور پیش رفت آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ہونی چاہیے۔
فریال تالپور نے کہا کہ سندھ کا پنجاب کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا، سندھ کی ترقی دیکھنی ہے تو تھرپارکر کا دورہ کیا جائے۔ سندھ اور کراچی میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
پنجاب کی خاتون وزیراعلیٰ سے متعلق سوال پر فریال تالپور نے کہا کہ صوبے میں خاتون وزیراعلیٰ کا ہونا خوش آئند ہے، تاہم ان کا ان سے کوئی مقابلہ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گڈ گورننس پر پیپلز پارٹی نے خصوصی توجہ دی ہے اور سندھ حکومت اس کی بہترین مثال ہے۔ عوامی خدمت ہماری ترجیح ہے۔