خلاصہ
- چارسدہ: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد، دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
چارسدہ میں منعقدہ نیزہ بازی میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ فروغ دیا جائے گا اور تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بھی کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آ سکیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جنگ جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں ایک پُرامن صوبہ پی ٹی آئی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا، آج صوبے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہوتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق کہا کہ وہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں، اگر انہیں سکیورٹی تھریٹ ہے تو انہیں لازمی سکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔
گورنر نے کہا کہ کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں تیزی آئی ہے، سونے کی غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی بھاری رقم افغانستان منتقل کی جا رہی تھی اور پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھی، صوبے میں غیر قانونی مائننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو خیبرپختونخوا میں مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے، مائننگ کے شعبے کو قانونی دائرے میں لا کر صوبے کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔