عارف والا: تیز رفتار کار کھمبے سے جا ٹکرائی، 7 سالہ بچہ جاں بحق، 9 افراد زخمی

عارف والا: تیز رفتار کار کھمبے سے جا ٹکرائی، 7 سالہ بچہ جاں بحق، 9 افراد زخمی

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار انتہائی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے زوردار ٹکرائی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد بری طرح متاثر ہوئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے حادثے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت ہو سکتی ہے، تاہم حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے، حادثے کا شکار ہونے والی فیملی شادی میں شرکت کے باعث واپس جارہی تھی۔

علاقہ مکینوں نے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ساہیوال روڈ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔